خیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، خوراک و سپورٹس اور امور نوجوانان عاطف خان نے کہا کہ صوبے کو ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کی راہ پر گامزن کیا ہے،اس حوالے آئی ٹی کے مختلف جاری منصوبوں پر کام اختتامی مراحل میں ہیں جن کی تکمیل سے نہ صرف صوبے میں ڈیجیٹل اکانومی پروان چڑھے گی بلکہ شہریوں کو شفاف طریقے سے خدمات کی فراہمی بھی آسان ہو جائیگی اور تاخیری حربوں کا تدارک بھی کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ای۔ گورننس، ضلعی سطح پرسیٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز، پاک ڈیجیٹل سٹی ہری پور، گندھارا ڈیجیٹل کمپلیکسز پشاور اور سوات کے قیام، امپلا ئی ایبل ڈیجیٹل سکلز، کے پی سپر ایپ اورآئی سی ٹی فیسیلیٹیشن سنٹرز کے منصوبوں پر کام اختتامی مراحل میں ہیں جن کی تکمیل سے نہ صرف صوبے میں ڈیجیٹل اکانومی پروان چڑھے گی بلکہ شہریوں کو شفاف طریقے سے خدمات کی فراہمی بھی آسان ہو جائیگی اور تاخیری حربوں کا تدارک بھی کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف جاری منصوبوں پر پیش رفت بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد خان، مینیجنگ ڈائریکٹر کے پی آئی ٹی بورڈ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر عاطف خان نے ھدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں اور اس سلسلے میں بلا وجہ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کے نوجوان بھرپور طریقے سے استفادہ حاصل کریں گے انھوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا نے کافی ترقی کی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت نے آئی ٹی کے شعبے کے فروغ کے لئے کافی اقدامات اٹھائے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول بھی فراہم کیا ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا کی بڑی کمپنیوں نے یہاں اپنے دفاتر کھول دئیے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حال ہی میں بین الاقوامی کمپنی ایفینٹی نے بھی یہاں دفتر کھول کر نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے، صوبائی وزیر عاطف خان نے متعلقہ حکام کو تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔