اسلام آباد: حکومت نے سیلاب زدگان کی بحالی اور تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ سے 60 کروڑ ڈالر کی امداد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزارت اقتصادی امور اقوام متحدہ سے 60 کروڑ ڈالر امداد کے لیے درخواست کرے گی، اقوام متحدہ سے انسانی ہمدردی کی اپیل شروع کرنے کے تحت امداد مانگی جائے گی۔
یہ رقم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو خوراک، پناہ گاہ، طبی سہولیات کیلئے استعمال کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 اکتوبر تک سیلاب پر تیار حتمی رپورٹس بھی اقوام متحدہ کو دی جائیں گی، اقوام متحدہ کو متاثرہ علاقوں میں پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
وزارت اقتصادی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ 16 کروڑ ڈالر امداد فراہم کر چکا ہے اور یہ رقم موصول ہونے کی صورت میں اقوام متحدہ سے ملنے والی امدادی رقم 76 کروڑ ڈالر ہو جائے گی۔