انڈونیشیا: ملنگ میں فٹبال میچ کے دوران ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 170 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے شہر ملنگ میں فٹبال میچ کے دوران ہزاروں شائقین نے پچ پر حملہ کردیا جب کہ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس فائر کی جس سے بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں 170 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
کنجوروہان اسٹیڈیم میں گزشتہ رات جب اریما ایف سی کی ٹیم مہمان ٹیم اور تلخ حریف پرسیبا سورابایا سے 3-2 سے ہار گئی جس کے بعد اریما ایف سی کے حامیوں نے پچ پر دھاوا بولا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے شائقین کو اسٹینڈ پر واپس آنے کے لیے بہت کوشش کی جب کہ 2 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد آنسو گیس چلائی گئی۔ پولیس کے مطابق بہت سے متاثرین کو روندا گیا یا گلا دبا کر ہلاک کردیا گیا۔
مشرقی جاوا کے پولیس چیف نیکو افینٹا نے کہا کہ بہت سے لوگ جب ایک ساتھ اسٹیڈیم سے نکلنے کیلیے باہر کی طرف بھاگے اور اسی دوران تو دم گھٹنے سے لوگ ہلاک ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی طور پر کہا کہ کل 127 افراد ہلاک ہوئے تھے لیکن بعد میں یہ تعداد 170 تک پہنچ گئی جب کہ متعدد لوگ زخمی ہوئے۔
بھگدڑ کے دوران اسٹیڈیم کے اندر سے لی گئی تصاویر میں بڑی مقدار میں آنسو گیس اور لوگ باڑ پر چڑھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ لوگ افراتفری کے دوران زخمی تماشائیوں کو اسپتال لے جا رہے تھے۔