کیلیفورنیا: پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اگست کے مہینے میں لاکھوں بھارت نمبرز والے اکاؤنٹس کو بلاک کردیا۔
ہفتے کے روز میٹا کی ذیلی کمپنی نے بتایا ہے کہ اگست کے مہینے میں کمپنی نے 23 لاکھ 28 ہزار اکاؤنٹس کو بلاک کیا۔ تاہم، یہ تعداد جولائی میں بلاک ہونے والے اکاؤنٹس کی تعداد سے کم ہے۔
اپنی ماہانہ رپورٹ میں واٹس ایپ کا کہنا تھا کہ یکم اگست 2022 سے 31 اگست 2022 تک 23 لاکھ 28 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کیے گئے۔ ان میں 10 لاکھ 8 ہزار اکاؤنٹس کو صارفین کی جانب سے شکایت ہونے سے پہلے ہیں معطل کردیا گیا۔
خلاف ورزیوں کی شناخت کے نظام اور شکایت جمع کرانے کے چینل کے ذریعے جون کے مہینے میں واٹس ایپ نے 22 لاکھ سے زائد بھارتی اکاؤنٹس بلاک کیے تھے۔
اس سے قبل مئی میں 19 لاکھ، اپریل میں 16 لاکھ اور مارچ میں 18 لاکھ 5 ہزار اکاؤنٹس کو بلاک کیا گیا تھا۔
گزشتہ برس نافذ ہونے والے سخت سائبر قوانین بڑے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز (جن کے 50 لاکھ سے زائد صارفین ہوں) پر زور دیتے ہیں کہ وہ ہر مہینے کمپلائنس رپورٹ شائع کریں جس میں موصول ہونے والی شکایات کی تفصیلات اور اس پر لیے جانے والے ایکشن کے متعلق بتایا گیا ہو۔