پشاور ہائیکورٹ تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں پر برہم

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصر رشید خان نے ریمارکس دیے کہ تعلیمی اداروں میں سیاسی جلسے کرنا افسوس ناک ہے، تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک رکھیں، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو بنچ کی تشویش سے حکومت کو آگاہ کرنے کا حکم  دے دیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائیکور ٹ جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں جلسے جلوس ہو رہے ہیں، تعلیمی اداروں میں سیاسی جلسے کرنا افسوسناک ہے، بچوں کے مستقبل کے لیے سیاسی جلسے درست نہیں، اگر ایک کرے گا تو دوسرا بھی آئے گا، اس لیے ایسی چیزوں سے اجتناب کیا جانا چاہیے ، جسٹس قیصر رشید نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک رکھنا چاہیے ۔

جسٹس  قیصر رشید  نے مزید کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل صاحب حکومت کو عدالتی تشویش سے آگاہ کریں، آپ اس حوالے سے عدالتی تشویش متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔

چیف جسٹس کی تشویش پر ایڈووکیٹ جنرل شمائل بٹ نے کہا کہ عدالتی تشویش سے حکومت کو آگاہ کردیا جائے گا، ضروری اقدامات کرکے عدالتی احکامات پر من وعن عمل کیاجائے گا۔