پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ عوام جوق در جوق پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں اور ہر گزرتے دن پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہوتاجارہا ہے کیونکہ پاکستانی عوام جان چکے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف واحد پارٹی ہے جس نے عوام کی فلاح و ترقی کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ کرپٹ سیاسی مافیا کے خلاف جہاد شروع کر رکھا ہے۔
وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں محمود خان نے واضح کیا کہ امپورٹڈ حکومت اور ان کے حواریوں کا ملکی سیاسی منظر نامے سے خاتمہ ہونے جارہا ہے جس کے بعد پاکستان حقیقی معنوں میں آزاد ہوگا جس کی خارجہ پالیسی ملکی اور عوامی مفاد پر مبنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مفاد پرست سیاسی ٹولے نے ملکی مفادات نظر انداز کئے ہوئے ہیں اوراس کی تمام تر توجہ ملک سے لوٹی ہوئی دولت کو بحفاظت باہر منتقل کرنے اور اپنے خلاف کرپشن کے مقدمات ختم کرنے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امپورٹڈ کابینہ مہنگائی کے نعرے لگاکر حکومت میں آئی اور چند ہی ماہ میں ملکی معیشت تباہ حال کرکے عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط کردیا۔
محمود خان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ بدترین مہنگائی کی وجہ سے عوام کی اکثریت کی بنیادی سہولیات تک رسائی تقریباًناممکن ہوچکی ہے جبکہ ملکی معیشت کو اس دلدل سے نکالنے کی کوئی امید بھی نظر نہیں آرہی اور ناہی امپورٹڈ کابینہ اس کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ماضی میں کوئی قوم پرستی کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دیتا رہااور کچھ لوگ مذہب کو بنیاد بناکر عوام کو لوٹتے رہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان لوگوں کے پاس کھوکھلے نعروں کے علاوہ عوامی مفادات کے لئے کوئی بھی منصوبہ بندی نہیں تھی اور آج امپورٹڈ کابینہ کی نالائقی کے باعث روپے کے مقابلے میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔
وزیراعلیٰ نے متنبہ کیا کہ پاکستانی عوام مزید ان لٹیروں کو برداشت کرنے کے متحمل نہیں اور ہر مکتبہ فکر کے لوگ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ساتھ دے کر اس کرپٹ ٹولے سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے انکشاف کیا کہ آنے والے دنوں میں مزید لوگ اور سیاسی رہنما پاکستان تحریک انصاف میں شمولت حاصل کریں گے، جس کے بعد ان کرپٹ ٹولوں کا صرف نام ہی رہ جائے گا۔