نئے سیزن میں12 لاکھ سے زائد عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ گئے

سعودی حکام کے مطابق رواں سال نئے عمرہ سیزن میں بحری اور فضائی راستوں سے 4 اکتوبر 2022 تک تقریباً 12 لاکھ سے زیادہ عمرہ زائرین الحرمین الشریفین پہنچ چکے ہیں۔

عرب ذرائع ابلاغ نے سعودی وزارت حج و عمرہ کے حوالے سے بتایا کہ سب سے زیادہ عمرہ زائرین3 لاکھ 17 ہزار200 انڈونیشیا سے آئے ہیں،دوسرے نمبر پر پاکستان سے ایک لاکھ 95 ہزار 224 اور تیسرے نمبر پر انڈیا سے ایک لاکھ 33 ہزار 517 اور چوتھے نمبر پر عراق سے 86 ہزار 803 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔وزارت حج و عمرہ نے تمام عمرہ کمپنیوں و اداروں سے کہا ہے کہ وہ زائرین کو معیاری خدمات فراہم کریں اور ان کے سفر کو آسان اور آرام دہ بنائیں۔

نئے عمرہ سیزن میں اب تک فضائی راستے سے 8 لاکھ 80 ہزار 929، بری راستوں سے 89 ہزار561 اور بحری راستے سے 297 عمرہ زائریں مملکت پہنچے ہیں۔

حکام نے عمرہ کمپنیوں اور اداروں سے کہا ہے کہ وہ مسجد نبوی ریاض الجنہ میں نماز اور حاضری کے پرمٹ جاری کرائیں اورگروپوں کی شکل میں عمرہ زائرین کو مسجد الحرام پہنچائیں۔ مکہ مکرمہ میں قیام کے دوران زائرین جتنی بار عمرہ کرناچاہیں انہیں پرمٹ جاری کرنے کی سہولت فراہم کریں۔