پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ میرٹ،شفافیت،قانون کی بالادستی اور عوام کو انکی دہلیز پر خدمات کی فراہمی پی ٹی آئی کا منشور اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں ہماری حکومت نے دیگر بے شمار چیلنجز کے باوجود شفاف اور غیر جانبدار بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں صوبے کے مختلف ریجنز سے پی ٹی آئی کے تحصیل میئرز اور چیئرمین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سب اس معاشرے کا حصہ ہیں اور ہم نے ملکر مشترکہ حکمت عملی کے تحت اس نظام کو چلانا ہے،اس مقصد کے لیے سب کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔
ملک کا سیاسی منظر نامہ یکسر بدل چکا ہے اور صورتحال واضح ہے، شفاف نظام کی مخالف نام نہاد سیاسی جماعتیں عوام کے ہاں اپنی حیثیت کھو بیٹھی ہیں، عمران خان کی قیادت میں مجوزہ حقیقی آزادی مارچ قوم کے مستقبل کا تعین کرے گا،ہم سب نے مل کر اس مارچ کو کامیاب بنانا ہے۔
عمران خان آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے، اس کا کوئی ذاتی مفاد نہیں بلکہ وہ ملک اور قوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عمران خان کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں اور پاکستان سے کرپٹ اور مفاد پرست ٹولے کا خاتمہ ممکن بنائیں۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سیاسی حریف اپنی تمام چالیں چل چکے ہیں، مستقبل کی سیاست میں ان کا کوئی کردار نظر نہیں آ رہا جبکہ اس برعکس پی ٹی آئی کی مقبولیت کا گراف دن بدن بڑھتا جا رہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی ہر خاص و عام کے دل کی آواز بن چکی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آنے والے انتخابات میں بھی پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر حکومت کے اٹھائے گئے فلاحی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے مختلف شعبوں میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد فلاحی اقدامات اٹھائے ہیں۔
صحت کارڈ اسکیم کی صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع، کسان کارڈ کا اجراء اور آئمہ مساجد کو ماہانہ اعزازیہ کی فراہمی اس سلسلے میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں جن سے متعلقہ شعبوں میں عوام وخواص بلا تفریق مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے میں جلد فوڈ کارڈ کا اجراء کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں صوبائی حکومت ایجوکیشن کارڈ بھی متعارف کرانے جا رہی ہے جس سے اعلی تعلیمی اداروں کے تقریباً دو لاکھ چالیس ہزار طلباء مستفید ہوں گے۔