خیبرپختونخوا: سرکاری ملازمین حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

پشاور کے جناح پارک میں لیڈی ہیلتھ ورکرز اورپرائمری اسکولوں کے اساتذہ اپنے اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہیں۔

پریس کلب پشاور کے باہر تنخواہوں کی عدم فراہمی پر قومی رضاکار پولیس کے اہلکاروں نے مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھاکہ صوبائی حکومت نے 294 رضاکار پولیس اہلکار بھرتی کیے جو برسوں سے ڈیوٹی دے رہے ہیں لیکن تنخواہیں نہیں دی گئیں۔

ادھر لنڈی کوتل اسپتال خیبر کے ڈاکٹروں اورپیرامیڈیکل اسٹاف کی ایم ایس کے خلاف ہڑتال جاری ہے۔

ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہ ایم ایس نے اسپتال کی حدود میں پرائیویٹ پریکٹس پرپابندی عائد کررکھی ہے جب کہ ایم ایس کا کہنا ہے کہ سرکاری اوقات میں نجی پریکٹس پر پابندی عائد ہے۔

علاوہ  ازیں پشاور میں  پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کی  جانب سے بھی مطالبات کے  حق میں احتجاج کیا جارہا ہے۔

حکومت نے مظاہرین سے مذاکرات کے لیے سیکرٹری اور  ڈائریکٹر محکمہ تعلیم کو بھیجا جس پر مظاہرین نے مذاکرات سے انکار کردیا اور وزیراعلیٰ کی آمد تک مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہےکہ مذاکرات صوبائی صدرپرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کی رہائی سے مشروط ہیں۔