منشیات کے عادی افراد کی بحالی پروگرام کو خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع تک توسیع دینے کی ہدایت

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے منشیات کے عادی مریضوں کی بحالی کے پروگرام کو صوبے کے تمام اضلاع تک توسیع دینے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس مقصد کے لیے پشاور میں پہلے سے اختیار کیے گئے ماڈل کو ہی مختلف علاقوں کی مقامی صورتحال اور ضروریات کے مطابق مناسب فارمیٹ دے کر بروئے کار لایا جائے۔

 سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت یہ منصوبہ دو سالوں میں پچاس کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس کے تحت صوبہ بھر سے کم از کم پانچ ہزار افراد کی بحالی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 اس سلسلے میں گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے دو ہفتوں کے اندر اندر پروگرام پر عملدرآمد کا اجراء یقینی بنانے اور تمام ڈویژنز میں بیک وقت کام شروع کرنے کی ہدایت کی اور مزید واضح کیا کہ پروگرام کے دوران صحتیاب ہونے والے افراد کو صحت مند سرگرمیوں میں مصروف کرنے اور انہیں ایک مفید شہری بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔

 وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، کمشنر پشاور ریاض محسود، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز،ڈائیرکٹر سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں موجود تھے جبکہ صوبے کے دیگر ڈویژنل کمشنرز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس کو پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ پروگرام بنیادی طور پر تین مختلف مراحل پر مشتمل ہو گا۔ پہلا مرحلہ منشیات کے عادی مریضوں کی ڈیٹا کولیکشن اور پروفائلنگ پر مشتمل ہے۔ دوسرے مرحلے میں ان افراد کی بحالی عمل میں لائی جائے گی۔ 

منشیات کے عادی مریضوں کی مکمل ڈی ٹاکسیفکیشن کے بعد ماہرین نفسیات، مستند ڈاکٹرز اور متعلقہ سٹاف کی نگرانی میں علاج کیا جائے گا۔مریضوں کے لیے خوراک، لباس اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بنیادی تعلیم و تربیت اور تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا انتظام بھی موجود ہوگا۔

تیسرے مرحلے میں صحت یاب افراد کے اعزاز میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں انہیں مطلوبہ دستاویزات اور سکلڈ بیسڈ ٹول کٹس فراہم کی جائیں گی۔صحت یاب افراد کو ایک ذمہ دار اور مفید شہری بنانے کے لیے تکنیکی اور پیشہ ورانہ شارٹ کورسز کرائے جائیں گے اور ان کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

 علاوہ ازیں پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے خود روزگاری کی آپشن بھی موجود ہو گی۔ پروگرام پر صحیح معنوں میں عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر سٹیرنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور ماہانہ بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔اس موقع پر کمشنر پشاور نے نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لیے پہلے سے جاری مہم کے تحت اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے تحت مزید 925 افراد کو اٹھایا گیا ہے جن کے علاج اور بحالی کا عمل جاری ہے۔

 واضح رہے کہ پشاور میں اس سے پہلے 1100 افراد کی بحالی کا عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے جن میں سے صرف اکیس افراد کو مزید بہتری کے لیے زیر نگرانی رکھا گیا ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تمام ڈویژنل کمشنرز کو اپنی نگرانی میں پروگرام پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ منشیات خصوصاً آئیس کا استعمال ایک بڑا مسئلہ ہے جس کی بیخ کنی کے لیے سپلائی کو روکنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ 

دریں اثناء وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں پیشہ ورانہ بھکاریوں کے خلاف بھی نتیجہ خیز کاروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ مالی مشکلات کی وجہ سے بھیک مانگنے پر مجبور ہیں انہیں اس شرمندگی سے بچانے کے لیے مناسب طریقہ کار نکالا جائے مگر پیشہ ور بھکاریوں کے معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔انہوں نے خیبرپختونخوا ویگرنسی ایکٹ کے تحت زیر نظر رولز کو بھی ایک ہفتہ کے اندر حتمی شکل دینے اور باضابطہ منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔