ریاض: سعودی عرب نے خواتین کو محرم کے بغیربھی عمرہ ادا کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے وزیربرائے حج اور عمرہ ڈاکٹر توفیق ال ربیعہ نے بیان میں کہا کہ خواتین کے لیے عمرہ ادا کرنے کے لیے محرم کی شرط ختم کردی گئی ہے اور اب خواتین بغیر محرم کے بھی عمرہ کرسکیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ ویزہ کی کوئی تعداد مقرر نہیں کی گئی ہے اور دنیا بھر سے کسی بھی قسم کے ویزے پر سعودی عرب آنے والے افراد اب عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔
وزیر برائے حج و عمرہ نے کہا کہ حج اور عمرہ کے اخراجات میں کمی کرنا چاہتے ہیں تاہم اس کا دارومدار بہت سی دوسری چیزوں پر ہے۔ مسجد الحرام کے توسیعی منصوبے کی لاگت 200 بلین سعودی ریال سے بڑھ چکی ہے۔ یہ مسجد الحرام کی توسیع کا تاریخ میں سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کام جاری ہے۔
ڈاکٹر توفیق نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کے عازمین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور ڈیجیٹلائزیشن کی گئی ہے جس میں روبوٹس کا استعمال بھی شامل ہے۔