نیپال میں شدید بارشوں ، سیلاب نے تباہی مچا دی

کھٹمنڈو: نیپال کے مغربی صوبے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 33 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ رپورٹس کے مطابق سیلاب کی زد میں آنے والےمتعدد لوگ اب بھی لاپتہ ہیں جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیپال کے شمال مغربی صوبے کرنالی میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جس سے بچنے کیلئے ہزاروں رہائشی اپنے مکانات چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوگئے ہیں۔

شدید بارشوں کے باعث صوبے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس سے سیکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا اور 33 افراد ہلاک ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کی زد میں آنے والے 22 لوگ اب بھی لاپتہ ہیں جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہیں پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث امدادی کارروائیوں کی انجام دہی مشکلات پیش آرہی ہیں۔

نیپالی حکام کے مطابق رواں سال شدید بارشوں کے باعث نیپال میں 110 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔