تخت بھائی: پی ڈی ایم کے قائد اور جمعیت علمائے اسلام سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ2018 کے انتخا بات میں چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس چھین کر لائیں گے۔
عمران خان اب دوبارہ اقتدار میں نہیں آ سکے گا، عمران خان کا ملک دشمن ایجنڈا کبھی بھی پورا نہیں ہوگا، یہ امریکی ایجنٹ ہے، اس کے خلاف امریکہ کیوں سازش کرے گا، عمران خان کی پوری سیاست بیساکھیوں پر مبنی ہے۔
عمران خان کی حکومت میں ملک دیوالیہ پن کے دھانے پر پہنچ گیا تھا۔عمران خان کہتے ہیں کہ مجھے سازش کی بنیاد پر ہٹایا گیالیکن میں کہتا ہوں کہ تمھیں سازش کے تحت لایا گیا تھا۔
چین نے جب سی پیک کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری شروع کی تو امریکہ نے تمھیں اقتدار میں لاکر سی پیک منصوبہ خاک میں ملادیا۔
ان خیا لات کا اظہار انہوں نے تخت بھائی میں این اے 22کے ضمنی انتخا بات کے سلسلے میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر جے یو آئی کے مرکزی جنرل جنرل سیکرٹری سینیٹر عبدالغفور حیدری، اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی، صوبائی صدر ایمل ولی خان، پی پی پی کے صوبائی صدر نجم الدین خان، سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد خان ہوتی، سابق صوبائی وزیر عبدالسبحان خان،مسلم لیگ (ن) ضلع مردان کے صدر سید عنایت علی شاہ ایڈو کیٹ، این اے 22سے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار مولانا محمد قاسم نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر مردان شہر کے میئر حما یت اللہ مایار، جے یو آئی مرکزی کونسل کے الحاج دوست محمد درویش، پی پی پی کے صوبائی نائب صدر شعیب عالم خان خٹک، اورنگزیب خان،مسلم لیگ (ن) کے صوبائی نائب صدر جلال خان خٹک اور دیگر بھی موجود تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں دوسرے ملکوں کے سرمایہ کاری کے منصوبے جام ہوکر ملک کی ترقی کا سفر رک گیا۔ان کی منہ سے ریاست مدینہ کا لفظ مدینہ منورہ کی توہین ہے۔تمام حلقوں سے خود الیکشن لڑنا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔اس نے پاکستان کی سیاست کو کھیل سمجھ رکھا ہے۔
عمران سونامی سونامی پکارتے ہوئے خود سونامی میں پھنس گئے۔سوات میں امن چاہتے ہیں۔اگر سوات میں پھر بدامنی پھیلانے کی کوشش کی گئی تو خیبر پختونخواہ کے تمام عوام اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔16 اکتوبر کو ضمنی انتخا بات میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدواران کامیابی کے جھنڈے گاڑھیں گے۔