بھارت میں سیکڑوں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسجد پر دھاوا بولا گیا اور مسلمانوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسجد پرحملے کا واقعہ گروگرم شہر میں پیش آیا جہاں 200 کے قریب ہندو انتہا پسندوں نے نماز کی ادائیگی کے دوران ہلہ بولا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دو روز قبل پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم تاحال کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔
درج ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ مسلمان گروگرم شہر کی مسجد میں عشا کی نماز ادا کر رہے تھے کہ اچانک 200 کے قریب ہندو انتہا پسندوں نے حملہ کر دیا اور نماز ادا کرنے والے مسلمانوں کو مارا پیٹا، مسجد کے ہال کو تالا لگا کر انہیں جان سے مارنے اور گاؤں سے نکالنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ یاد رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی کئی بار مساجد پر حملوں کی خبریں سامنے آ چکی ہیں اور کئی بین الاقوامی ادارے بھی اپنی رپورٹس میں تشویش کا اظہار کر چکے ہیں کہ بھارت میں ہندو انتہا پسندی عروج پر پہنچ چکی ہے۔