میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کی عدالت کی جانب سے سعودی نژاد امریکی شہری سعد ابراہیم المادی کو 16 سال قید کی سزا کی تصدیق کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکی شہری کو جیل بھیجنے کے معاملے کو سعودی حکومت کے سامنے اٹھایا جارہا ہے، یہ معاملہ دونوں ممالک کے درمیان مزید کشیدگی کا سبب بنے گا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل شدت کے ساتھ اعلیٰ سعودی حکام کے ساتھ اس کیس کو لے کر اپنی تشویش کا اظہار کررہے ہیں، اس معاملے پر ریاض اور واشنگٹن کا اب بھی رابطہ ہے۔
امریکی اخبار واشگنٹن پوسٹ کے مطابق فلوریڈا کے رہائشی المادی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سعودی عرب گئے تھے جنہیں نومبر میں ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا، ان پر 7 سال قبل سعودی عرب کے خلاف 14 ٹوئٹس کرنے کا الزام ہے۔
دوسری جانب سزا پانے والے سعد ابراہیم کے بیٹے نے بھی خبر ایجنسی اے ایف پی کو والد کی سزا سے متعلق تصدیق کی۔
المادی کے بیٹے کا کہنا ہےکہ ان کے 72 سالہ والد کو 3 اکتوبر کو 16 سال قید کی سزا سنائی گئی جس میں سزا مکمل ہونے کے بعد 16 سال کی سفری پابندی بھی شامل ہے۔