بھارت کی دوسری بڑی جماعت کانگریس میں 24 سال بعد موروثی سیاست کا خاتمہ ہوگیا، گاندھی خاندان سے صدارت چھن گئی، ملک ارجن کھارگے کو نیا صدر منتخب کرلیا گیا۔
راہول گاندھی اور ان کی والدہ سونیا گاندھی کی قیادت کے باوجود کانگریس کو گزشتہ 2 عام انتخابات میں بی جے پی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کانگریس پارٹی میں صدارت کیلئے دو امیدواروں میں مقابلہ تھا، جن میں 80 سالہ ملک ارجن کھارگے اور 66 سالہ ششی تھرور شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک ارجن کھرگے کو پارٹی قیادت سمیت بہت سے پارٹی ممبرز کی حمایت حاصل تھی۔
ششی تھرور 3 دہائیوں تک اقوام متحدہ میں کام کرتے رہے جبکہ وہ 2009ء میں کانگریس سے منسلک ہوئے۔
کانگریس میں تبدیلی کے باوجود امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی تیسری مرتبہ 2024ء کے عام انتخابات بھی جیت جائے گی۔
سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے بیٹے راہول گاندھی نے 2019ء میں یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا اور اس کے بعد ان کی والدہ سونیا گاندھی پارٹی کی نگراں صدر کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں، تاہم پارٹی کے سینئر رہنماء سونیا گاندھی کی قیادت سے مطمئن نہیں تھے۔
راہول گاندھی کا پارٹی انتخابات کے نتائج کے بعد کہنا تھا کہ کانگریس کا صدر سپریم اتھارٹی ہے اور تام رہنماء اب انہی کو رپورٹ کریں گے۔