بنگلا دیش میں سمندری طوفان کے ٹکرانے سے مختلف حادثات

بنگلا دیش میں سمندری طوفان کے ٹکرانے سے مختلف حادثات میں 9 افراد ہلاک اور لاکھوں لوگ بےگھر ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی بنگلادیش میں سمندری طوفان کی وجہ سے شدید بارشیں اور لینڈسلائیڈنگ ہوئی جس کی زد میں آکر 9 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

انتظامیہ کا کہنا ہےکہ  زیادہ تر لوگوں کی اموات درختوں کے گرنے کی وجہ سے ہوئیں اور لاکھوں افراد  کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

بنگلادیش کی وزارت ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے بتایا کہ نشیبی علاقوں سے شہریوں کو منتقل کیا گیا ہے جب کہ دریا کنارے رہنے والوں کو  سائیکلون شیلٹر کی عمارت میں پناہ دی گئی ہے۔

دوسری جانب بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھی سیلابی صورتحال ہے جہاں پیر کے روز 324 ملی  میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔