نہروں اورآبی گزرگاہوں کے کنارے ہر قسم کی نئی تعمیرات پر فوری پابندی عائد

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے دریاؤں، محکمہ آبپاشی کی نہروں اور دیگر آبی گزر گاہوں کے کنارے ہر قسم کی نئی تعمیرات پر فوری پابندی عائد کرنے جبکہ پہلے سے موجود غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مؤثر کاروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول نہ کیا جائے۔

وہ بدھ کے روز تجاوزات کے خلاف مہم کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام اجلاس میں موجود تھے جبکہ متعلقہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

 وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں آبی گزرگاہوں خصوصی طور پر دریائے سوات، دریائے پنجکوڑہ، دریائے کنہار اور محکمہ آبپاشی کی نہروں کے قریب نئے مکانوں کی تعمیر، ہوٹلز کے قیام اور دیگر ہر قسم تعمیرات کے خلاف فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔

 تما م سٹیک ہولڈرز کو سنجیدگی سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی اورآئندہ کیلئے کوئی بھی محکمہ آبی گزر گاہوں کے قریب نئے انفراسٹرکچر کے قیام یا تعمیرات کیلئے این او سی جاری نہیں کرے گا۔

 وزیراعلیٰ نے کہاکہ تجاوزات کی وجہ سے ہم 2010 اور حالیہ سیلاب کے دوران عوام کے جان و املاک کو پہنچنے والے نقصانات سے بخوبی آگاہ ہیں اسلئے تجاوزات کے خلاف کاروائی میں کسی قسم کی نرمی اور تاخیر کی گنجائش موجود نہیں ہے۔

 اُنہوں نے کہا کہ ہم نے نہ صرف آبی وسائل کو آلودگی سے محفوظ بنانا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و املاک کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری اور ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر محکمہ آبپاشی کو سیلاب سے پرُخطر مقامات کی نشاندہی پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

 اُنہوں نے مزید کہاکہ اگر عوام اس معاملے کی نزاکت کو سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے اور بار بار نقصان اُٹھانے کے باوجوددریاؤں کے کنارے تعمیرات اور انفراسٹرکچر قائم کرنے پر بضد ہیں تو اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اُنہیں اس غفلت کا شکار نہ ہونے دیں۔ ہمارے پاس اس سلسلے میں قواعد وضوابط موجود ہیں جن پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے کہاکہ نہ صرف نجی تعمیرات بلکہ سرکاری تعمیرات خصوصاً سڑکوں وغیرہ کی الائنمنٹ کے سلسلے میں بھی حد درجہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ پالیسی سے ہٹ کر نجی یا سرکاری کسی قسم کی تعمیرات کی قطعاً اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ آبی گزرگاہوں خصوصاً دریاؤں کے کناروں کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنے کیلئے مختصر مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔

اگر پہلے سے موجود قانون اور قواعد وضوابط میں ترمیم کی ضرورت ہے تو اس مقصد کیلئے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی بنائی جائے تاکہ ایک دیر پا اورہر لحاظ سے قابل عمل قانونی طریقہ کار وضع کیا جا سکے۔ 

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبے میں ہائی فلڈ/ واٹر کی مارکنگ پر کام تیز کرنے اور اس مقصد کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور ماہرین کی خدمات بھی حاصل کرنے کی ہدایت کی تاکہ ایک مکمل اور جامع سٹڈی سامنے لائی جا سکے۔ 

وزیراعلیٰ نے طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت سیلاب کے ممکنہ خطرات کو کم کرنے کیلئے سمال ڈیمز کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس مقصد کیلئے مناسب تجاویز پیش کی جائیں۔

بعدازاں اجلاس کو دریائے سوات پر تجاوزات کے خلاف مہم کے تحت اُٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔