شیراز: ایران کے صوبے فارس میں شاہ چراغ کے مزار پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے 15 زائرین کو شہید کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دہشت گردی کا واقعہ ایران کے صوبہ فارس کے دارالحکومت شیراز میں امام زادہ احمد بن امام موسیٰ کاظم کے مزار پر پیش آیا، امام زادہ احمد کا روضہ شاہ چراغ کے نام سے معروف ہے۔
واقعے کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ حملہ آوروں نے مزار کے اندر داخل ہونے کے بعد زائرین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 15 افراد موقع پر شہید ہوگئے۔
ایرانی نیوز ایجنسی کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ مرنے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا جب کہ تیسرے دہشت گرد کی تلاش جاری ہے۔