واشنگٹن:امریکی نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مالی بوجھ ترقی یافتہ ممالک برداشت کریں۔
عرب میڈیاکے مطابق جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مالی بوجھ برداشت کرنا چاہیے۔
جان کیری نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ترقی پذیر ممالک کا گلوبل وارمنگ میں سب سے کم حصہ ہے، لیکن ان میں سے اکثریت ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے خطرے کی زد میں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں جو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات دکھائی دے رہے ہیں، ان کی وجہ وہ 20 ممالک ہیں جو سب سے زیادہ ترقی یافتہ ہیں، جب کہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 17 ممالک براعظم افریقہ میں موجود ہیں، اور افریقی ممالک دنیا بھر میں ہونے والے کاربن اخراج میں سے صرف تین فیصد کے لیے ذمہ دار ہیں۔
انھوں نے اگلی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ28 کے عرب امارات میں انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ صدر شیخ محمد بن زاید کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
جان کیری نے کہا کاربن کے اخراج میں اضافے کی سائنسی حقیقت کو مسترد نہیں کیا جا سکتا، ہمیں اس اخراج کو قابو کرنا ہوگا۔ ترقی پذیر ممالک کے خدشات سے نمٹنے کے لیے امریکہ کی جانب سے 12 ارب ڈالر کی امداد مختص کی گئی ہے۔