نئی دہلی: قطر میں بھارتی بحریہ کے 2 ریٹائرڈ کمانڈرز سمیت 8 افسران دو ماہ سے زیر حراست ہیں اور بے خبر مودی سرکار کو اس کا پتہ ایک خاتون کی ٹویٹ سے ہوا جس کے بعد بھارتی وزارت دفاع اور خارجہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین نیوی کے کمانڈرز سمیت 8 افسران کو قطر میں اسٹیٹ سیکیورٹی بیورو نے تقریباً دو ماہ سے حراست میں رکھا ہوا ہے۔ اس بات کا انکشاف ٹوئٹر پر ایک خاتون ڈاکٹر میتو بھارگوا نے کیا۔
ڈاکٹر میتو بھارگوا نے اپنی ٹوئٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت اعلیٰ قیادت کو مینشن کیا جس سے یہ معاملہ سوئی ہوئی بھارتی حکومت کے علم میں آیا تاہم اب بھی کارکردگی زبانی جمع خرچ تک محدود ہے۔
اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انڈین نیوی کے یہ 8 ریٹائرڈ افسران قطر میں الظاہرہ گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی سروسز میں ملازمت کر رہے تھے تاہم یہ واضح نہیں کہ انھیں کس الزام میں حراست میں لیا گیا۔
گرفتار ہونے والے انڈین نیول کے سابق افسران میں اعلیٰ ملٹری ایوارڈ یافتہ کمانڈر پرنیندا تیواری بھی شامل ہیں جنھیں سابق صدر رام ناتھ کوند نے 2019 یہ اعزاز میں دیا تھا۔
بھارتی حکومت کے ایک اعلیٰ سفارت کار نے میڈیا کو بتایا کہ دوحہ میں بھارتی سفارت خانہ، قطر کی مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے اور یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مسئلہ کیا ہے۔
سفارت کار نے مزید کہا کہ سابق نیوی افسران کے کیس کو گہرائی سے دیکھ رہے ہیں اور ساری توجہ ان افسران کی بحفاظت وطن واپسی پر مرکوز ہے۔
بھارتی ریٹائرڈ نیوی افسران کی گرفتاری سے متعلق کمپنی الظاہرہ گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی سروسز اور قطر حکومت کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا اور کمپنی کی ویب سائٹ بھی بند ہے۔