کرم: این اے 45کرم ضمنی الیکشنمیں عمران خان نے واضح برتری حاصل کر لی۔غیر حتمی نتائج کے مطابق عمران خان چار ہزار 370 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جب کہ ان کے مد مقابل جمیل خان دوسرے نمبر پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم کے ضمنی انتخاب کیلئے آج ہونے والی پولنگ مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک 30 پولنگ سٹیشنز کے نتائج موصول ہوچکے ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو برتری حاصل ہے۔
رزلٹ منیجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) پر موصول ہونے والے نتائج کے مطابق عمران خان چار ہزار 370 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جب کہ ان کے مد مقابل جمعیت علماء اسلام ف کے جمیل خان دو ہزار 432 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
خیال رہے کہ این اے 45 کرم ان آٹھ حلقوں میں شامل ہے جہاں سے عمران خان نے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
سات حلقوں میں انتخاب پہلے ہی ہوچکا ہے جن میں سے قومی اسمبلی کی چھ نشستوں پر عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ کرم میں الیکشن حالات خراب ہونے کی وجہ سے ملتوی ہوئے تھے۔