گوگل کروم میں ایک نئے فیچر کا اضافہ ہوا ہے جو ویب سرچ کے عمل کو زیادہ تیزرفتار اور آسان بنادے گا۔
گوگل کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں اس نئے فیچر کے بارے میں بتایا گیا جسے سائیڈ بار کا نام دیا گیا ہے۔
یہ فیچر گوگل کروم کے موبائل ورژن میں تو دستیاب تھا مگر اب ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے اسے متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر سے کچھ سرچ کرنے کے دوران کسی ویب سائٹ پر جاکر دوبارہ واپس سرچ رزلٹس پر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس مقصد کے لیے جب آپ کسی چیز کو سرچ کرنے کے بعد کسی ویب پیج کو اوپن کریں گے تو ایڈریس بار پر چھوٹا سا گوگل لوگو نظر آئے گا۔
اس پر کلک کرنے پر دائیں جانب ایک سائیڈ بار اوپن ہوجائے گی جس میں وہ سرچ رزلٹس موجود ہوں گے جہاں سے آپ اس سائٹ پر گئے ہوں گے۔
درحقیقت اس فیچر سے آپ کچھ نیا بھی سرچ کرسکتے ہیں اور وہاں کسی سرچ رزلٹ پر کلک کرنے پر پرانی سائٹ کی جگہ وہ ویب پیج اوپن ہوجائے گا۔
یہ فیچر اب تمام صارفین کو دستیاب ہے البتہ انکوگنیٹو موڈ پر اسے استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ یہ فیچر مائیکرو سافٹ ایج کے سائیڈ بار سے ملتا جلتا ہے۔