پشاور بارش، وزیراعلیٰ کا شہر کے مختلف علاقو ں کا اچانک دورہ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی دارلحکومت پشاور میں شدید بارش اورژالہ باری کے بعد ٹریفک، نکاسی آب اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ 

وزیر اعلیٰ نے بغیر سکیورٹی پروٹوکول اپنی ذاتی گاڑی میں کوہاٹ روڈ، جی ٹی روڈ، رنگ روڈ، دلہ زاک روڈ، یونیورسٹی روڈ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا جہاں اْنہوں نے شدیدبارش کے بعد نکاسی آب کے ناقص انتظام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر محکموں کو نکاسی آب اور صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی۔

 محکمہ موسمیات کی بروقت پیشگوئی کے باوجود انتظامات کی عدم موجودگی پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ متعلقہ افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 وزیراعلیٰ محمود خان نے پشاور کے مختلف مقامات پر ٹریفک اہلکاروں کی عدم موجودگی اور کوہاٹ روڈ کے مقام پر ٹریفک جام کا بھی سختی سے نوٹس لیتے ہوئے چیف ٹریفک پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ مصروف چوکوں اور دیگر مقامات پر مزید ٹریفک اہلکارتعینات کئے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی میں کوئی خلل نہ پڑے۔

 اْنہوں نے کہا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ بذات خود پشاور کے مختلف علاقوں کے دورے کرکے تمام صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔