کراچی:محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ رواں سال کا دوسرا اور آخری چاند گرہن کل بروز منگل ہوگا، چاند کو مکمل گرہن لگے گا۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چاند گرہن کا مشاہدہ جزوی طور پر کیا جاسکے گا۔
پاکستانی وقت کے مطابق چاند کو گرہن لگنے کا آغاز منگل کو دوپہر ایک بج کر 2 منٹ پر ہوگا، تاہم اس وقت ملک میں سورج اپنی پوری آب وتاب کے ساتھ چمک رہا ہوگا جب کہ مکمل چاند گرہن 4 بجے کے قریب ہوگا، جس وجہ سے اس مکمل چاند گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں ممکن نہیں ہوگا۔
تاہم شام میں ملک کے مختلف حصوں میں جزوی چاند گرہن کو دیکھنا ممکن ہوگا، پاکستان میں سب سے نمایاں چاند گرہن گلگت اور سب سے کم چاند گرہن کا کراچی میں دیکھا جاسکے گا۔
پاکستان میں سب سے پہلے گلگت سے چاند گرہن کاآغاز ہوگا جہاں شام 4 بج کر 57 منٹ پر گرہن ہوگا، یہاں چاند گرہن کا دورانیہ ایک گھنٹہ 52 منٹ پر محیط ہوگا اور یہ سب سے نمایاں بھی یہیں نظر آئے گا جو لگ بھگ 74 فیصد ہوگا۔
اسلام آباد میں چاند گرہن 5 بج کر 6 منٹ پر شروع ہوگا، یہاں یہ 61 فیصد تک نظر آسکے گا اور گرہن کا دورانیہ ایک گھنٹہ 50 منٹ ہوگا۔
لاہور میں چاند کو گرہن 5 بج کر 5 منٹ پر آغاز ہوگا ایک گھنٹہ 51 منٹ تک گرہن جاری رہے گا، یہاں لگ بھگ 63 فیصد کوریج ہوگی، کراچی میں 5 بج کر 46 منٹ پر چاند کو گرہن لگے گا ایک گھنٹہ 10 منٹ پر محیط گرہن میں اس کی کوریج صرف 0.88 فیصد ہوگی۔
پشاورمیں چاند گرہن 5 بج کر52 منٹ پر، کوئٹہ میں 5 بج کر 38 اور مظفر آباد میں 5 بجکر ایک منٹ پر ہوگا، یہاں بالترتیب 56، 15 اور 65 فیصد چاند گرہن نظر آئے گا۔ چاند کو گرہن لگنے کا دورانیہ 5 گھنٹے 56 منٹ پر مشتمل ہوگا۔
دنیا بھر میں ایشیا، آسٹریلیا، نارتھ امریکا، جنوبی و مشرقی یورپ سمیت پاکستان کے کچھ حصوں میں چاند گرہن دیکھا جا سکے گا۔اس چاند گرہن کی ایک خاص بات یہ ہے کہ امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے موقع پر پہلی بار ایسا ہو رہا ہے اور آئندہ 372 سال تک ایسا نہیں ہوسکے گا۔
واضح رہے کہ چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزر رہا ہوتا ہے اور زمین، سورج اور چاند کے درمیان میں آجاتی ہے۔