مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے ماہانہ 8 ڈالر کے عوض ہر کسی شخص کا اکاؤنٹ تصدیق شدہ کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل خبریں آئی تھیں کہ ٹوئٹر تصدیق شدہ اکاؤنٹ ہولڈرز یعنی جو اکاؤنٹ بلیو ٹک ہولڈرز ہیں، ان سے ماہانہ 8 ڈالر فیس وصول کی جائے گی تاکہ ان کا اکاؤنٹ تصدیق شدہ رہے۔
لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے امریکا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں متعارف کرائے گئے آزمائشی فیچر سے معلوم ہوتا ہے کہ ہر اکاؤنٹ ہولڈر کو ماہانہ 8 ڈالر کے عوض بلیو ٹک فراہم کیا جائے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں آئی فون پر ٹوئٹر استعمال کرنے والے افراد کو نئے فیچر تک رسائی دی گئی ہے اور صارفین کو ٹوئٹر بلیو نامی سروس کو سبسکرائب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر نے ایپل اسٹور پر ایپلی کیشن کا نیا ورژن بھی اپ لوڈ کردیا ہے، جسے ڈاؤن لوڈ کرکے استعمال کرنے والے بعض صارفین کو سبسکرپشن فیچر تک رسائی دی گئی ہے۔
نئے ورژن کے تحت صارفین کو بتایا جا رہا ہے کہ وہ ٹوئٹر بلیو کی سروس کو 8 امریکی ڈالر کے عوض سبسکرائب کریں، جس کے تحت انہیں بلیو ٹک فراہم کیا جائے گا۔