وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیرِ صدارت گزشتہ ہفتے سوات موٹروے پر مسافر کوسٹر میں سیاسی تکرار پر ایک نوجوان کے قتل کے افسوسناک واقعہ کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام اورجاں بحق ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اجلاس میں افسوسناک واقعہ کے مختلف پہلوئوں خصوصاً مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مفرور ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تیز رفتار اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی. وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم رحیم الدین کے لواحقین کو 50 لاکھ روپے خصوصی پیکج اور سرکاری ملازمت دینے کا اعلان بھی کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی چیز قیمتی انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی، تاہم صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کو آزمائش کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی اور یقین دلایا کہ صوبائی حکومت واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلانے کے لیے بھر پور تعاون یقینی بنائے گی۔