پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی اور معاشی بحران کا واحد حل نئے اور شفاف انتخابات ہی ہیں۔ امپورٹڈ حکومت اگر عوام کی خیر خواہ ہے تو جلد ازجلد انتخابات کا اعلان کرے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جاری بیان میں کیا، معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ سازش کے تحت عوام پر مسلط کی گئی حکومت معاشی مسائل حل نہیں کرسکتی، کیونکہ انکی تمام تر توجہ عوامی مسائل کے حل کی بجائے اپنے اوپر کرپشن کے کیسز ختم کرنے پر ہے، یہی وجہ ہے کہ چوں چوں کا مربّہ پی ڈی ایم سے ملک سنبھالا نہیں جا رہا۔
انھوں نے کہا مزید کہا کہ ملک میں جاری معاشی اور سیاسی بحران نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ اسی لئے عام انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان نااہل اور کرپٹ پی ڈی ایم حکمرانوں سے بدلہ لیں گی جسکی واضح مثال حالیہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی اور پی ڈی ایم جماعتوں کی بدترین شکست ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ نااہل حکومت ایک قدم آگے بڑھتی ہے تو تین قدم واپس پھسل جاتی ہے۔ موجودہ امپورٹڈ حکومت ہی معاشی اور سیاسی بحران کی ذمہ دار ہے۔