وفاق اور صوبے کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی کوشش کرونگا، گورنر خیبرپختونخو ا

 خیبر پختونخوا کے نو منتخب گورنر حاجی غلام علی نے کہاہے کہ وفاق اور صوبے کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی کوشش کروں گا۔ سیاسی ماحول گرم ہے، اپنی سوچ و بچار سے سیاسی پارے کو نیچے لاگوں گا۔

 

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت سے صوبے کے حقوق دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا، ہمیں قانون سازی اور اصلاحات پر توجہ دینا ہو گی۔

 

گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان الیکشن کے لیے لانگ مارچ کر رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ الیکشن دسمبر، جنوری یا فروری میں نہیں ہو سکتے، البتہ مئی یا جون 2023 میں ممکن ہیں۔

 

 گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے عہدہ کا حلف اٹھانے کے بعد اپنا آئینی منصب باقاعدہ طور پر سنبھال لیاہے۔ وہ بحیثیت گورنر خیبرپختونخوا تمام آئینی امور نمٹانے کیلئے پر عزم ہیں۔

 

گورنر ہاؤس میں ان کا جمعرات کے روزپہلا روز انتہائی مصروف گزرا، پشاورسمیت صوبہ بھر سے سیاسی، سماجی شخصیات سمیت عوامی حلقوں نے گورنرہاؤس آکرنئے منصب پر مبارکباد پیش کی۔ 

 

گورنر حاجی غلام علی کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھی ٹیلیفون کیا اور نئے منصب پر مبارکباد اور نئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

گورنر سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی رہنما سکندرحیات شیرپاؤ‘عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی خوشدل خان ایڈووکیٹ نے بھی گورنرہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔

 

علاوہ ازیں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ کی صدارت میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دیگر عہدیداروں پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے بھی جمعرات کے روز گورنرہاؤس کادورہ کیا اور گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو نئی آئینی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔