ضم اضلاع کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے آئینی اقدامات اٹھائینگے، گورنر خیبرپختونخوا 

پشاور:گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ قبائلی اضلاع کے صوبہ میں انضمام کے بعد قبائلی عوام کو کچھ مشکلات پیش ہیں جس کے حل کیلئے قانون اور آئین کے مطابق اقدامات اٹھائیں گے۔

 قبائلی اضلاع کیلئے نظام کواتناآسان اور بہتر بنائیں گے کہ یہ علاقے سیاحتی اورتجارتی اعتبار سے ملک بھر کیلئے آسان ہوجائیں۔

یہ بات انہو ں نے ہفتہ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں قبائلی ضلع خیبرسے تعلق رکھنے والے قوم سپاہ کے مشران پرمشتمل 50  رکنی جرگہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کی۔

 سابق رکن قومی اسمبلی حاجی محمد شاہ کی قیادت میں آنیوالے جرگہ نے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو آئینی منصب سنبھالنے  پر مبارکباددی اورروایتی لنگی بھی پہنائی اس موقع پر جے یو آئی (ف) کے رہنمامنظورآفریدی بھی موجود تھے۔

 جرگہ مشران نے گورنر کو قوم سپاہ اور علاقے کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات اورمطالبات سے آگاہ کیا۔جس پرگورنرکا کہناتھاکہ تمام مسائل و مطالبات کوایک تحریری شکل میں پیش کیے جائیں جس کامتعلقہ محکموں کے ساتھ مل بیٹھ کر حل نکالاجائیگا۔ 

گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے تمام مشران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ گورنر کامنصب حاصل کرنے میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل تمام جماعتوں کی حمایت واعتماد پر شکرگزار ہوں اوریہ میری ذمہ داری ہے کہ صوبہ کے عوام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے اعتماد پرپورا اترسکوں۔

 انہوں نے جرگہ مشران کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ بحیثیت مشران اپنے علاقے میں امن وامان کاقیام یقینی بنانے کیلئے اپنی ذاتی جدوجہد کریں اور حکومت امن وامان کے قیام کیلئے قبائلی مشران کی مکمل حمایت کرے گی کیونکہ امن اور مہمان نوازی قبائلی عوام کی نہ صرف روایت ہے بلکہ اس کی ایک طویل تاریخ ہے۔

 ادھر گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کو آئینی منصب سنبھالنے پر مبارکباد دینے والوں کی ہفتہ کے روز بھی گورنر ہاؤس پشاور آمدجاری رہی۔مبارکباد کیلئے آنیوالے مہمانوں میں صوبے کی مختلف سیاسی،مذہبی،سماجی، تاجر برادری اور عوامی وفود کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔

پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 6رکنی وفدجس میں ڈائریکٹر ضیاء الحق سرحدی، سینئر نائب صدر خالدشہزاد،امتیاز، احمدعلی، فاروق احمد اورتیمور احمدشامل تھے نے بھی گورنر حاجی غلام علی سے ملاقات کی اور انہیں نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی  کوہاٹ چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں اور دیگر تجارتی نمائندوں نے بھی گورنر ہاؤس پشاور میں گورنرحاجی غلام علی سے ملاقا ت کی۔

سابق سپیکر صوبائی اسمبلی کرامت اللہ چغرمٹی، سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر اور سابق صوبائی وزیرامان اللہ حقانی نے بھی گورنرہاؤس پشاور میں گورنرحاجی غلام علی سے ملاقات کی اور آئینی منصب پر مبارکباد دی۔