پشاور: خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کی تحلیل کے لیے مشاورتی عمل جاری ہے وزیر اعلیٰ محمود خان کے ساتھ مشاورت کے بعد اب پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہفتہ کو لاہور میں طلب کر لیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے سینئر لیڈرشپ کے ساتھ اور چیف منسٹر خیبر پختونخوا کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی۔پرویز الٰہی سے اور پنجاب اور خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کی مشاورت کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
اس سلسلہ میں خیبرپختونخوا کے اراکین اسمبلی کو ہفتہ کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے اس سلسلے میں رابطے پر صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ ہفتہ کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے تمام پارٹی اراکین اسمبلی لاہور جائیں گے جہاں اسمبلی تحلیل کے معاملے پر حکمت عملی مرتب کی جائے گی پارٹی اراکینِ اسمبلی اپنے قائد کی ہدایات کے منتظر ہیں۔