پشاور: ضلع مانسہرہ میں تناول کے نام سے نئی تحصیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نئی تحصیل کا نوٹیفیکیشن بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں مشیر برائے داخلہ بابر سلیم سواتی کی سربراہی میں مقامی نمائندوں اور معززین علاقہ کے وفد کو پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی تحصیل تناول کا قیام مانسہرہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو موجودہ صوبائی حکومت نے پورا کردیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی تحصیل کے قیام سے علاقے کے عوام کو درپیش مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔مختلف علاقوں کے مقامی مسائل اور ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلع مانسہرہ میں نئی تحصیل کا قیام صوبائی حکومت کی مذکورہ حکمت عملی کا عملی مظاہرہ ہے۔
اس موقع پر مشیر داخلہ بابر سلیم سواتی کی قیادت میں وفد نے ضلع مانسہرہ اور تناول کے عوام کی طرف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا خصوصی شکریہ ادا کیااور کہا کہ تحصیل تناول کے قیام سے علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔رکن صوبائی اسمبلی نظیر عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔