پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز میں کلاسز کا اجرایقینی بنانے کے لیے تمام تر ضروری تقاضے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی صوبے میں پہلی یونیورسٹی ہے جس کو بلا تاخیر فعال بنانا ترجیح ہونی چاہیے۔ یہ یونیورسٹی جدید تحقیق و رجحانات کے فروغ کے ذریعے شعبہ لائیو سٹاک کی دیرپا ترقی کے لیے مضبوط بنیادیں فراہم کرے گی۔
وہ صوبے میں یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پر پیش رفت کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، محکمہ لائیو سٹاک، قانون اور اسٹبلشمنٹ کے انتظامی حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ مجوزہ یونیورسٹی میں تین فیکلٹیز کے تحت 20 مختلف شعبہ جات میں جدید تعلیم و تحقیق کی سہولیات میسر ہوں گی۔ شعبہ جات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ فیکلٹی آف بائیو سائنسز کے تحت فزیالوجی، فارماکالوجی، فشریز، وائلڈ لائف، بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی اور اناٹومی کے شعبے قائم کئے جائیں گے۔
اسی طرح فیکلٹی آف ویٹرنری سائنس کے تحت پیتھالوجی،مائیکرو بیالوجی، میڈیسن، سرجری اینڈ پیٹ سائنسز، ڈائیگناسٹک لیبارٹری سمیت نو مختلف شعبہ جات جبکہ فیکلٹی آف اینمل پروڈکشن اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت پانچ مختلف شعبہ جات قائم کئے جائیں گے جن میں اینمل نیوٹریشن،لائیو سٹاک مینجمنٹ، پولٹری سائنسز، بریڈنگ اینڈ جینٹکس اور ڈیپارٹمنٹ آف میٹ اینڈ ڈیری ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے متعلقہ اداروں کو بھی آوٹ ریچ سنٹرز کے طور پر مجوزہ یونیورسٹی سے لنک کیا جائے گا۔ اجلاس کو یونیورسٹی میں کلاسز کے اجرااور مستقل عمارت کی تعمیر کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی کے تحت کلاسز کا بلا تاخیر اجرایقینی بنانے کے لیے ٹھو س اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلی نے واضح کیا کہ اصل مقصد طلبا و طالبات کو جدید تعلیم و تحقیق کے مواقع فراہم کرنا ہے جس کے لیے تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کا اجراناگزیر ہے۔
انہوں نے یونیورسٹی کی مستقل عمارت کی تعمیر پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت اس مقصد کے لیے درکار وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ مزید برآں وزیر اعلی نے خیبرپختونخوا یونیورسٹی ایکٹ کو آسان، جامع اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت پر زوردیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی اس مقصد کے لیے یونیورسٹی ایکٹ کے مجوزہ مسودہ کو جلد حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے مذکورہ یونیورسٹی کے قیام کو خطے کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ یونیورسٹیز میں ویٹرنری ایجوکیشن کے حوالے سے محدود پروگرام پیش کئے جاتے ہیں جبکہ ڈیمانڈ کہیں زیادہ ہے۔ ا#نہوں نے کہاکہ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے قیام سے نہ صرف اس شعبے میں دلچسپی لینے والے طلبا و طالبات کو معیاری تعلیم و تحقیق کی سہولت میسر آئے گی بلکہ یہ منصوبہ لائیوسٹاک اور دیگر متعلقہ شعبوں کی ترقی کیلئے بھی سنگ میل ثابت ہو گا۔