پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کرک میں گیس پائپ لائنوں سے پلاسٹک تھیلوں میں گیس بھرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ یہ کاروائیاں صوبے کے چند دیگر اضلاع میں بھی عمل میں لائی گئی ہیں جہاں گھروں میں پلاسٹک کے تھیلوں میں گیس بھری جاتی تھی۔
اس حوالے سے بیرسٹر محمد سیف کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوئی گیس کی مشترکہ کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔
پلاسٹک کے تھیلوں میں گیس بھر کر خود اور دیگر شہریوں کو خطرے میں ڈالنے والے کئی افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں اور گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔
صوبے کے کسی بھی شہر اور علاقے میں ایسے خطرناک عمل کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے انسانی زندگیوں اور املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ تھیلوں میں گیس بھرنا اپنی جان پر کھیلنے کے مترادف ہے۔ بیرسٹر سیف نے کرک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس خطرناک عمل سے دور رہیں۔