سال نو، سوات میں سیاحوں کیلئے جگہ جگہ سہولیات مراکز قائم 

سوات:سوات پولیس کی جانب سے نئے سال پر سوات کے حسین مقامات کا رخ کرنے والے سیاحوں کے لئے جگہ جگہ سہولیات مراکز قائم کردیئے گئے۔

 سوات کے تمام داخلی راستوں سمیت ملم جبہ، گبین جبہ اور کالام میں سہولیات مراکز پر سیاحوں کی بھرپور رہنمائی اور سیاحتی مقامات کے حوالے سے کتابچے بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔

آر پی او ملاکنڈ ڈویژن سجاد خان کی ہدایت پر ڈویژن پولیس کو سیاحتی مقامات پر باہر سے آنے والے سیاحوں اور مہمانوں کی بھرپور مدد اوررہنمائی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپورا کی نگرانی میں سوات پولیس کے تمام پولیس افسران اورجوان سیاحوں کی مدد کے لئے متحرک ہیں اور سیکورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو ہر ممکن مددفراہم کی جارہی ہے۔

ڈی پی او سوات کے مطابق سیاحوں کے تحفظ کے لئے سیکیورٹی پلان بھی مرتب کیا گیا ہے اور کسی بھی ممکنہ حادثہ کے بارے معلومات کے لئے کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔

ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور ٹورسٹ پولیس کو بھی چوکنا کردیا گیا ہے تاکہ ٹریفک جام کا کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو۔