پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت صرف ملک گیر انتخابات ہی نہیں بلکہ بلدیاتی انتخابات سے بھی شدید خائف ہے۔ امپورٹڈ وزیراعظم شہباز شریف نے کوئی سلام بھی کرے تو جواباً ہم نے الیکشن نہیں کرانے کہتے ہیں۔
اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ سرکار کو شدید قسم کا الیکشن فوبیا ہو چکا ہے جس کا واضح ثبوت اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن سے ان کا بھاگنا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ آج کل امپورٹڈ وزیراعظم شہباز شریف کو اگر کوئی سلام بھی کرے تو جواب میں کہتے ہیں کہ ہم نے الیکشن نہیں کرانے، یہ اپنی ہی 27 کلومیٹر کی سلطنت میں بھی انتخابات سے بھاگ رہے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر امپورٹڈ سرکار کے لئے آئین وقانون سے کھیل رہے ہیں جبکہ الیکشن کا نام سنتے ہی پی ڈی ایم کی 13 جماعتوں کے رونگھٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔
دریں اثناء معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے پشاور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ نو منتخب صدر ارشد عزیز ملک اور جنرل سیکرٹری عرفان موسی زئی سمیت پوری کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
معاون خصوصی اطلاعات نے امید کی کہ نو منتخب کابینہ صحافی برادری کی فلاح وبہبود میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی جبکہ صوبائی حکومت نو منتخب کابینہ کیساتھ ملکر صحافیوں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
قبل ازیں معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹرمحمد علی سیف نے خیبرپختونخوا کے عوام کو سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ نیا سال تمام عالم انسانیت کیلئے مبارک سال ثابت ہو اور اللہ تعالیٰ سال نو میں برکتیں نازل فرمائے۔
بیرسٹر سیف نے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ نئے سال میں امپورٹڈ حکومت کے بنائے مسائل سے عوام کو نجات عطا فرمائے گا جبکہ یہ سال امپورٹڈ حکومت سے چھٹکارے اور حقیقی آزادی کا سال ہوگا۔