وفاق کو افغانستان کیساتھ مذاکرات میں کامیابی نہیں ملی، اپنا وفد بہت جلد بھیج رہا ہوں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر افغانستان سےمذاکرات کرنے کا اعلان کردیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سےگفتگو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ افغانستان کا مسئلہ مذاکرات سے ہی حل ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ  وفاقی حکومت کو افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں کامیابی نہیں ملی، اپنا صوبائی وفد بہت جلد افغانستان بھیج رہا ہوں، ہم ان سے بات چیت کر کے مسائل کا حل نکالیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ دو ہفتے کے اندر وفد افغانستان جا کر بات چیت کرے گا، وفد میں تمام قبائل کے مشران شامل ہوں گے اور پوری امید ہے کہ وہ ہمارے جرگے کے ساتھ تعاون کریں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ ملک میں سیاسی مخالفت پرمقدمات بنائےجا رہےہیں، القادر ٹرسٹ بنانے پربانی پی ٹی آئی کو اندررکھاگیاہے اور القادر ٹرسٹ میں مفت تعلیم دی جا رہی تھی۔