فلم ’اوتار: دی وے آف واٹر‘ کی دو ہفتوں میں ایک ارب ڈالر کی ریکارڈ کمائی

لاس اینجلس: امریکی فلم ’اوتار: دی وے آف واٹر‘ نے دو ہفتوں میں ایک ارب ڈالر سے زائد بزنس کرکے ریکارڈ قائم کردیا۔

جیمز کیمرون کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نے ریکارڈ بزنس کے ساتھ 2022 کی تیز ترین کمانے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

قبل ازیں دو امریکی فلمیں ’ٹاپ گن: میورک‘ اور ’جراسک ورلڈ ڈومینین‘  2022 میں ایک ارب ڈالر کی حد عبور کرنے میں کامیاب ہوسکی تھیں۔

تاریخی طور پر اپنے ریلیز کے پہلے دو ہفتوں میں ہالی وڈ کی صرف چھ فلمیں ایک ارب ڈالر کمانے میں کامیاب رہی ہیں جبکہ 2021 میں ’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ نے یہ سنگ میل صرف 12 روز میں حاصل کرلیا تھا۔

فلم ’اوتار‘ کے پہلے پارٹ کو 2009 میں ریلیز کیا گیا تھا اور وہ 2.97 ارب ڈالر کی کمائی کے ساتھ تاریخ کی سب سے زیادہ کامیاب فلم قرار دی گئی تھی۔