اسلام آباد:سوشل میڈیا کے ذریعے دہشتگردوں اور شر انگیزی کی حمایت کرنیوالے 74ہزار پیجز اور سائٹس بلاک کروا دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب گزشتہ سال سائبر کرائم کے خلاف ملک بھر میں متحرک رہا، اس حوالے سے سی ٹی ڈی پنجاب نے 2022کی کارکردگی رپورٹ حکومت کو بھجوا دی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022کے دوران سی ٹی ڈی نے ایک ہزار 225خفیہ آپریشن کئے اور 244دہشت گردوں کو گرفتار کرکے پنجاب کو بڑی دہشت گردی سے بچایا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کے انویسٹی گیشن ونگ نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر 246مزید گرفتاریاں کیں۔
رپورٹ کے مطابق 2022میں سی ٹی ڈی نے 2ہزار 529کیسز سوشل میڈیا سے ٹریس کئے، اور شرانگیزی میں ملوث 114ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 74ہزار سے زائد پیجز اور ویب سائٹس بلاک کروائیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سی ٹی ڈی تمام وسائل کا موثر استعمال کررہی ہے۔