پی ٹی آئی کے 50 فیصد اراکین استعفے نہیں دینا چاہتے،ناصر موسیٰ زئی

پشاور: پی ٹی آئی کے منحرف رکنِ قومی اسمبلی ناصر موسیٰ زئی  نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اسمبلی کی تحلیل کے حق میں نہیں،پی ٹی آئی کے 50 فیصد اراکین استعفیٰ نہیں دینا چاہتے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی  پی ٹی آئی کے اراکین دیگر پارٹیوں میں جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا عمران خان نے محسنوں پر خودکش حملہ کیا۔عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ، ججز اور سیاستدانوں کسی کو نہیں چھوڑا۔پی ٹی آئی کے کے چیئرمین نے 2018ء  میں سبز باغ دکھائے تھے۔

ناصر موسیٰ زئی نے کہا کہ ریاستِ مدینہ کی سوچ پر عمران خان کا ساتھ دیا تھا مگر ریاست مدینہ والے کام وہ نہ کر سکے یہ کام علماء ہی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے پارٹی نہ چھوڑنے کے لیے مجھ سے رابطہ کیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دو روز قبل واٹس ایپ پر مجھے تھریٹ الرٹ سے متعلق آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا اپنی حفاظت کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کریں۔ہو سکتا ہے وزیراعلیٰ نے ابھی نیت سے مجھے تھریٹ الرٹ بھیجا ہو۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے پشاور سے رکن قومی اسمبلی ناصر موسیٰ زئی پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

ناصر موسیٰ زئی کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے مولانا فضل الرحمان کی موجودگی میں شمولیت کا اعلان کروں گا۔