رحیم یار خان میں بخار سے ہلاکتوں پر وزیراعلیٰ پنجاب نے رپورٹ طلب کرلی

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے رحیم یار خان کے نواحی گاؤں رکن پور میں بخار سے اموات پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکریٹری محکمہ صحت اور کمشنر بہاولپور سے رپورٹ طلب کی ہے۔چوہدری پرویز الہٰی نے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم کو علاقے کا دورہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے حکام صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کریں اور خصوصی میڈیکل کیمپ میں تمام ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مرنے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔

دوسری جانب رحیم یار خان میں بخار سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد کی اموات کے بعد اب متاثرہ علاقے کے مزید 9 افراد کو شیخ زاید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ہسپتال کے ایم ایس آغا توحید کے مطابق مریضوں میں 6 خواتین سمیت 9 افراد شامل ہیں۔

 آغا توحید کا کہناہے کہ عالمی ادارہ صحت کی ٹیم موت کی وجہ جاننے کے لیے متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے میں مزید افراد کے نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں نواحی گاؤں میں ایک ہی خاندان کے 12 افراد کی ہلاکت کے معاملے پر محکمہ صحت نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 15 دنوں کے اندر پْراسرار بیماری کا شکار ہو کر میاں بیوی اور جڑواں بہنوں سمیت ایک ہی خاندان کے 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 15 دنوں کے اندر پْراسرار بیماری کا شکار ہو کر میاں بیوی اور جڑواں بہنوں سمیت ایک ہی خاندان کے 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔