پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے فلور ملوں کا براہ راست کوٹہ ختم کرتے ہوئے فلور ملز میں آٹے کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے،قبل ازیں ہر فلور ملز کو آٹے کے 100تھیلے ملز کے گیٹ پر عوام کو براہ راست فروخت کرنے کی اجازت تھی۔
ادھر محکمہ خوراک نے واضح کیا ہے کہ سرکاری سبسڈائزڈ آٹا صرف ڈیلرز کی دکانوں پر دستیاب ہوگا لسٹ میں شامل جس ڈیلر کی دکان نہیں ہوگی اس کا کوٹہ منسوخ کر دیا جائیگا۔
اس حوالے سے راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے رابطے پر بتایا کہ پشاور میں 704ڈیلرز کو سبسڈائزڈ سرکاری آٹا فراہم کیا جا رہا ہے ٗ یہ ڈیلرز ایم پی ایز کی سفارش پر ڈپٹی کمشنر اور محکمہ خوراک کی تصدیق کے بعد لسٹ میں شامل کئے جاتے ہیں۔
ڈیلر روزانہ کی بنیاد پر طے شدہ کوٹے کے مطابق ملز سے آٹا اٹھانے کے پابند ہے جو ڈیلر کسی ایک دن آٹا نہیں اٹھائے گا اس کا کوٹہ منسوخ کر دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں اس وقت سرکاری آٹے کا 10کلو کے 54 ہزار 326تھیلے روزانہ کی بنیاد پر ڈیلرز کو فراہم کئے جا رہے ہیں ٗ ہر فلور ملز کو 100کلو گندم پر مشتمل 168بوری مہیا کی جاتی ہیں۔