راکھی ساونت نے اپنے مسلم دوست سے کورٹ میرج کرلی

ممبئی: بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے اپنے بوائے فرینڈ عادل سے کورٹ میرج کرلی۔

سوشل میڈیا پر اداکارہ اور ڈانسر راکھی ساونت اور ان کے مسلمان بوائے فرینڈ عادل خان کی شادی کی تصاویر گردش کر رہی ہیں جس پر صارفین کی جانب سے خوب تبصرے کئے جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راکھی اور عادل شادی کے کاغذات پر سائن کر رہے ہیں ایک تصویر میں راکھی اور ان کے شوہر نے پھولوں کا ہار بھی پہن رکھا ہے جبکہ ہاتھ میں میرج سرٹیفکیٹ تھامے نظر آرہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل راکھی نے اپنی والدہ کی صحت کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی والدہ  میں دوبارہ برین ٹیومر کی تشخیص ہوئی ہے وہ شدید بیمار ہیں اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

راکھی نے مداحوں سے والدہ کی صحتیابی کیلئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ راکھی ساونت اپنے بوائے فرینڈ کے ہمراہ آئے دن بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتی دکھائی دیتی ہیں جبکہ اب سے کچھ دن قبل انہوں نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ وہ اور عادل جلد شادی کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

راکھی ساونت نے 2020 میں برطانیہ کے ایک بزنس مین رتیش سے شادی کی تھی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور اگلے سال ہی ختم ہو گئی تھی۔