انسان 2025 میں چاند کی سطح پر ایک بار پھر چہل قدمی کریں گے، ناسا کا اعلان

امریکی خلائی ادارے ناسا نے اعلان کیا ہے کہ 2025 میں انسان ایک بار پھر چاند کی سطح پر چہل قدمی کرتے نظر آئیں گے۔

ناسا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2025 میں شیڈول آرٹیمس 3 مشن کے ذریعے انسانوں کی 50 سال سے زائد عرصے بعد چاند کی سطح پر واپسی ہوگی۔

مگر اس بار انسان چاند کے اس مقام پر اتریں گے جہاں وہ پہلے کبھی نہیں گئے اور وہ ہے چاند کا قطب جنوبی۔

ناسا کی جانب سے آرٹیمس 3 مشن کے مجوزہ منصوبے کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں جن کے مطابق اس مشن میں 4 خلا بازوں کو بھیجا جائے گا۔

یہ مشن اسپیس لانچ سسٹم راکٹ کے ذریعے روانہ کیا جائے گا جس پر اورین اسپیس کرافٹ بھی موجود ہوگا۔

یہ اسپیس کرافٹ خلا بازوں کو چاند کے مدار میں مخصوص راستے سے لے کر جائے گا۔

آرٹیمس 3 مشن کی کامیابی کا ایک حصہ اسپیس ایکس کے اسٹار شپ راکٹ سے جڑا ہے جس کو پہلے بغیر انسانوں کے چاند کی سطح پر آزمائشی طور پر اتارا جائے گا جس کے بعد اسے آرٹیمس 3 کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ابھی تک اسٹار شپ کی آزمائش نہیں ہوئی ہے مگر چند ماہ بعد امکان ہے کہ اسے زمین کے مدار پر بھیجا جائے گا۔

انسانوں کو بھیجنے سے پہلے اسٹار شپ کو زمین کے مدار میں موجود ایک اسٹوریج ڈپو پر بھیجا جائے گا جہاں سے وہ انسانی لینڈنگ سسٹم کے لیے ایندھن حاصل کرے گا۔

جب اورین اسپیس کرافٹ چاند کے مخصوص راستے پر پہنچے گا تو وہاں 2 خلاباز اسٹار شپ پر سوار ہوکر چاند کے قطب جنوبی پر اتریں گے۔

چاند پر کچھ وقت قیام کرکے وہ خلا باز اسٹار شپ کے ذریعے اورین اسپیس کرافٹ تک پہنچیں گے اور وہاں اپنے باقی 2 ساتھیوں کے ساتھ زمین کی جانب واپس لوٹیں گے۔

آرٹیمس 3 سے قبل آرٹیمس 2 مشن کو چاند پر بھیجا جائے گا جس پر انسان بھی سوار ہوں گے مگر یہ مشن چاند کی سطح پر نہیں اترے گا۔

آرٹیمس 2 مشن کو مئی 2024 میں روانہ کیے جانے کا امکان ہے۔