پشاور: خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے سلسلے میں وزیراعلیٰ محمودخان اوراپوزیشن لیڈر اکرم درانی کے درمیان مشاورت کا آج آخری روز ہے۔
اتفاق رائے نہ ہونے پر کل معاملہ پارلیمانی کمیٹی کےپاس چلاجائے گا جس کے لیے پہلے ہی اسپیکر مشتاق غنی نے کمیٹی کے قیام کا عندیہ دے دیا ہے ۔
صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعدگورنر حاجی غلام علی نے وزیراعلیٰ محمودخان اور اپوزیشن لیڈراکرم درانی کو نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے سلسلے میں مشاورت کرنے کی ہدایت اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر دونوں دو دن گزرنے کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ ناموں کا تبادلہ نہ کرسکے ،حکومت کی جانب سے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی اعلان کرچکے ہیں کہ وزیراعلیٰ ،اپوزیشن لیڈر کو نام نہیں بھجوائیں گے۔
یہ نام اب پارلیمانی کمیٹی ہی کو بھجوائے جائیں گے ، اپوزیشن جماعتیں بھی ایک بیٹھک کے باوجود کسی ایک نام پر متفق نہ ہوسکیں ۔
وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر آج اتفاق رائے نہ کرسکے تو کل معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلاجائے گا اور اسپیکر مشتاق غنی ،وزیراعلیٰ اور اپوزیشن کی مشاورت سے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دینگے جسے تین دنوں میں کسی ایک نام پر اتفاق رائے کرنا ہوگا بصورت دیگر یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلاجائے گا جس کا فیصلہ حتمی ہوگا۔