کوئنز لینڈ: آسٹریلیا میں محکمہ جنگلی حیات کے افسران نے کین ٹوڈ نامی سب سے بڑا مینڈک پکڑا ہے جس کا وزن 2.7 کلوگرام ہے اور یہ گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کےلیے ایک اعزاز بن سکتا ہے۔
اسے گاڈزیلا نامی دیوہیکل مخلوق کے نام پر ’ٹوڈزیلا‘ بھی کہا گیا ہے۔ شمالی کوئنزلینڈ کے کون وے نیشنل پارک میں ایک خاتون رینجر نے اسے دریافت کیا ہے۔
جیسے ہی ان کی نظر اس پر گئی وہ حیران رہ گئی کہ شاید یہ دنیا کا سب سے وزنی مینڈک یہی ہے۔
پھر جامعہ کوئنزلینڈ کے شعبہ ماحولیات میں اس مادہ مینڈک کا وزن کیا گیا تو وہ پونے تین کلوگرام تک تھا، جو اب تک سب سے بڑا اور وزنی مینڈک بھی ہے۔
بعض افراد نے اسے گول فٹبال کہا جس پر ٹانگیں لگادی گئی ہوں۔ کئی دن تک اس کا وزن کیا گیا تو وہ 2700 گرام ہی آیا۔
اس کی کل لمبائی 255 ملی میٹر ہے تاہم گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق 1991 میں سویڈن میں ایک پالتو مینڈک کا وزن 2.65 کلوگرام نوٹ کیا گیا تھا اور اب کین ٹوڈ کا وزن اس سے زیادہ ہے۔
کین ٹوڈ نسل کے مینڈک، جنوبی اور وسطی امریکا سے پہلی مرتبہ آسٹریلیا لائے گئے تھے جس کے بعد انہیں نیا ملک راس آگیا اور اب اس کی بڑی تعداد آسٹریلیا میں پائی جاتی ہے۔
تاہم یہ آسٹریلیا میں ایک ارب سے زائد ہیں اور فصلوں اور کھیتوں کے دشمن تصور کیے جاتے ہیں۔