اسپاٹی فائی نے دنیا بھر میں کمپنی کے 6 فیصد ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
اسپاٹی فائی کے سی ای او Daniel Ek نے ملازمین کے نام ایک میمو میں یہ اعلان کیا۔
اس کمپنی کے دنیا بھر میں 9800 سے کچھ زیادہ ملازمین ہیں جس کا مطلب ہے کہ 600 کے قریب افراد کو ملازمتوں سے فارغ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ عالمی اقتصادی سست روی کے باعث حالیہ مہینوں کے دوران متعدد ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے ہزاروں ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے گوگل کی جانب سے 12 ہزار افراد کو نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل ایمازون، مائیکرو سافٹ، میٹا اور ٹوئٹر کی جانب سے بھی ایسا کیا گیا تھا۔
اسپاٹی فائی کے سی ای او نے میمو میں کہا کہ ادارہ جاتی تبدیلیوں کے لیے ملازمین کو نکالا جارہا ہے جس سے اخراجات کی مد میں بچت ہوگی جبکہ فیصلہ سازی تیز ہوسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ اخراجات کو کم کرنے کے لیے ہم نے ملازمین کی تعداد میں کمی کا مشکل مگر ضروری فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ ملازمین کو 5 ماہ کی تنخواہ کے برابر رقم دی جائے گی جبکہ اتنے مہینوں تک ان کے میڈیکل اخراجات بھی ادا کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کو موجودہ حالات پر پہنچانے والے اقدامات کی مکمل ذمہ داری وہ اپنے سر لیتے ہیں۔