پشاور: گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ دو دن میں نگراں صوبائی کابینہ فائنل کردیں گے، جلد وزیراعظم یہاں آئیں گے اور صوبے کو بہت کچھ دے کر جائیں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ صوبائی نگراں کابینہ کے لیے کام مکمل کرلیا گیا ہے دو دن میں صوبائی کابینہ فائنل ہو جائے گی۔
انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انتخابات پر الیکشن کمیشن کام کررہا ہوگا، وہ مجھے خط لکھیں گے، الیکشن میں آئین میں وقت دیا گیا ہے، اب تو اس پر بات ہورہی کہ استعفی واپس لیے جائیں اور دھرنے دئیے جارہے ہیں ہوسکتا ہے کہ یہ لوگ واپس آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی بحران پر جلد قابو پالیا جائے گا، گندم کا بحران بھی جلد ختم ہوجائے گا، دو چار دن میں وزیراعظم یہاں آئیں گے اور بہت کچھ صوبے کو دے کر جائیں گے، وزیراعلی خود ٹیکنو کریٹ ہے وہ خود کابینہ کے وزراء کو دیکھ رہے ہیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ ہمارا ایمان ہے جو رات قبر میں ہے وہ گھر میں نہیں ہوسکتی، عوامی نمائندہ ہوں، سیکیورٹی کی اتنی زیادہ نہیں سوچتا۔