پشاور: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کی پریشانیاں اور چلینجز موجودہ نظام کی وجہ سے ہیں، حکومت اور اپوزیشن میں کوئی صلاحیت نہیں ہے۔
پشاور میں ایمرجنگ پاکستان پروگرام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں سیاست نفرت اور دشمنی میں تبدیل ہوگئی، اسمبلیوں سے سیاست کھیلی جاتی ہے، سیاسی نظام کی ناکامیاں ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں کوئی صلاحیت نہیں، آج کی پریشانیاں اور چلینجز موجودہ نظام کی وجہ سے ہیں، سیاسی نظام کی خامیوں کو عوام کے سامنے رکھا جائے، سیاسی اکابرین اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی ناک سے آگے دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کے مسائل پانچ سال بعد بھی حل نہیں ہوسکے۔ ہم سب کو اکھٹا ہوکر بیٹھنا ہوگا تب ہی جاکے مسائل حل ہوں گے۔