واشنگٹن: امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو طالبان کے خطرے کیخلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔یہ بات کسی بھی شک و شبہ سے بالاتر ہے کہ ملک کو ٹی ٹی پی سے خطرات لاحق ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس میں امریکی قومی سلامتی کے امور کے رابطہ کار جان کربی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو ٹی ٹی پی سے خطرات لاحق ہیں۔
حالیہ دنوں میں ٹی ٹی پی کی جانب سے پاکستان میں تشددد کے واقعات دیکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔ پاکستان کے دہشتگردوں کے پیچھے جانے کے فیصلے کا بھی احترام کرے گا۔
پاکستان کی جانب سے افغانستان میں ممکنہ کاروائی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹی ٹی پی سے خطرہ ہے اور پاکستانی عوام اور حکومت کو اس خطرے کیخلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے بیچ علاقے میں اس طرح کے گروپوں کی اب بھی کچھ محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں۔
اس سلسلے میں کیا کرسکتے ہیں اس بارے میں پاکستان سے رابطے میں رہیں گے اور ملک کی خود مختاری کا احترام کرنا چاہیں گے۔